پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ورلڈ ہیموفیلیا ڈے منایا گیا، تقریب میں چیئرمین فرنٹیئر فاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم ، ڈاکٹر فخر زمان ، ہیموفیلیا کے مریض بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی، صاحبزادہ محمد حلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ان بچوں کی ہمت و حوصلے کو خراج تحسین پیش کرنا اور عوام میں اس موروثی مرض کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے، یہی وجہ ہے ادارہ 2003ء سے اپنے قیام کے بعد سے ہر سال یہ دن مناتا آیا ہے، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں یہ واحد ادارہ ہے جو ہیمو فیلیا کے مریضوں کو بلا معاوضہ علاج کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے جن میں فیکٹر 8اور فیکٹر 9کے انتہائی مہنگے انجیکشنز کی فراہمی بھی شامل ہے، تقریب میں ڈاکٹر فخر زمان نے مریضوں کو بلیڈنگ سے بچنے کے لئے اہم احتیاطی تدابیر سے بھی آگاہ کیا، تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ محمد حلیم اور ڈاکٹر فخر زمان کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی۔