کراچی ( اسٹاف رپورٹر)بےنظیر نشوونما پروگرام کے حوصلہ افزا نتائج ، 6سے 23ماہ کے بچوں میں اسٹنٹنگ کی شرح 6.3 پوائنٹس کم ہوگئی ، ماؤں کی غذائی تنوع میں بھی نمایاں بہتری جبکہ کم وزن کے ساتھ پیدائش کے واقعات میں کمی ہوئی ہے، غذائیت میں سرمایہ کاری دراصل سندھ کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔یہ بات وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر کوکو اوشی یاما کے درمیان گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم سردار شاہ، وزیر محنت و سماجی تحفظ سعید غنی، سیکرٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکرٹری صحت طاہر سانگی، سیکرٹری سماجی تحفظ خادم چنہ اور سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ آصف جمیل شریک ہوئے۔ ڈبلیو ایف پی کے وفد میں سندھ کے صوبائی دفتر کی سربراہ ہلڈے برگسما، پروگرام پالیسی آفیسر سلمیٰ یعقوب اور پالیسی آفیسر ڈبلیو ایف پی رستم خان شامل بھی موجود تھے۔