• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتوں میں بجلی کے 6.08 ارب یونٹس کا ریکارڈ استعمال، کے الیکٹرک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد طحہٰ نے کہا ہے کہ کےالیکٹرک کے صنعتی فیڈرز پر استعمال کی جانے والی بجلی، مالی سال 2026میں ریکارڈ 6.08 ارب یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ اسی عرصے کے دوران پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد رہی، یہ کامیابی کراچی جو ملک کی معاشی شہ رگ ہے کو قابلِ اعتماد اور مسلسل بجلی کی فراہمی میں کےالیکٹرک کے کردار کی عکاسی کرتی ہے،انہوں نے کہاکہ اس کامیابی کو اِنفرادی نقطہ نظر سے نہیں دیکھا جا سکتا یہ حکومتِ پاکستان، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل (SIFC) اور کراچی کی صنعتی برادری کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے جن کے مسلسل تعاون نے سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے ایک مستحکم اور سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کےالیکٹرک نے 2013 سے صنعتوں کو بجلی فراہم کرنے والے فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ رکھا ہوا ہے، ہر صنعتی صارفین کے پاس اسمارٹ میٹرز نصب ہیں یہ سہولت کاروباری اداروں کو اپنی بجلی کے استعمال کو براہ راست مانیٹر کرنے کے قابل بناتی ہے،سب سے زیادہ بجلی کا استعمال B3کیٹیگری میں ریکارڈ کیا گیا، جس میں 501سے 5،000 کلو واٹ تک بجلی استعمال کرنے والی صنعتیں شامل ہیں، ماہانہ بنیادوں پر سب سے زیادہ صنعتی بجلی کا استعمال جون 2026 میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ اپریل دوسرے نمبر پر رہا،اس سے قبل صنعتی فیڈرز پر سب سے زیادہ سالانہ بجلی کی فراہمی مالی سال 2022میں ریکارڈ کی گئی تھی، جب صنعتی صارفین نے گرڈ سے 5.84 ارب یونٹس بجلی استعمال کی تھی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید