کراچی (رفیق مانگٹ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں ایک بڑے جنگ کے قریب پہنچ گئی ہے، زیادہ تر امریکی عوام کو معلوم نہیںکہ یہ ممکنہ جنگ کئی ہفتوں تک جاری رہنے والا بڑا آپریشن ہوگی۔امریکی نیوز سائٹ Axios کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی فوجی تیاری میں دو ائیرکرافٹ کیریئر، درجنوں جنگی جہاز، سیکڑوں لڑاکا طیارے اور متعدد فضائی دفاعی نظام شامل ہیں، جبکہ 150 سے زائد فوجی مال بردار پروازیں ہتھیار اور گولہ بارود مشرق وسطیٰ پہنچا چکی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہےیہ ممکنہ جنگ ایک مشترکہ امریکی اسرائیلی مہم ہوگی، جس کا دائرہ کار وسیع اور ایران کے لیے وجودی نوعیت کا ہوگا ۔ ٹرمپ انتظامیہ کی توجہ دہری حکمت عملی پر ہے ‘ایک جانب ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات جاری ہیں اور دوسری جانب بڑے پیمانے پر فوجی تعیناتی کی جا رہی ہے۔ کچھ کے مطابق ہفتوں میں جبکہ دیگر کے مطابق چند دنوں میں جنگ شروع ہو سکتی ہے۔ موجودہ صورتحال میں ایران کے ساتھ سفارتی کامیابی کے کوئی آثار نہیں ہیں، اور جنگ کے قریب ہونے کے شواہد بڑھتے جا رہے ہیں۔