اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری اور وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ سحر اور افطار کے وقت کسی بھی علاقے بشمول نقصان والے فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی‘ صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس فراہمی کی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔اویس احمد خان لغاری کاکہنا تھاکہ سحری اور افطار کے اوقات میں کسی بھی علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی، سوائے اس صورت کے کہ خدانخواستہ کوئی بڑا فالٹ ہو۔اس مقصد کے لئے پی آئی ٹی سی میں ایکسپریشن کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں تمام فیڈرز کی نگرانی کی جائے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ رمضان المبارک میں گیس فراہمی میں عوام کو سہولت فراہم کی جائے گی، صبح 3 بجے سے رات ساڑھے 10 بجے تک گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی‘ سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس پریشر برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات مکمل کر لئے ہیں‘عوامی سہولت کے پیش نظر اضافی گیس کا بھی انتظام مکمل کر لیا گیا ہے۔سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ہیڈ آفسز میں سچویشن رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔