کراچی (رفیق مانگٹ)ڈیجیٹل دنیا میں جہاں خوبصورتی کے فلٹرز اور الگورتھمز بے عیب چہرے کو انعام دیتے ہیں وہاں ایک لمحے کی حقیقت بھی بھونچال لا سکتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ایک چینی سوشل میڈیا انفلوئنسر کے ساتھ ہوا جب لائیو نشریات کے دوران اس کا بیوٹی فلٹر اچانک بند ہو گیا اور چند منٹوں میں اس کے تقریباً 1 لاکھ 40 ہزار فالوورز کم ہو گئے۔واقعہ اس وقت پیش آیا جب انفلوئنسر معمول کی لائیو سیشن کر رہی تھی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی فلٹر غائب ہوتا ہے، اس کی جلد کا ہموار، چینی مٹی جیسا تاثر ختم ہو کر قدرتی ساخت میں بدل جاتا ہے۔ رنگت بدل جاتی ہے، آنکھیں کچھ چھوٹی محسوس ہوتی ہیں اور جبڑے کی لکیر نرم دکھائی دیتی ہے یہ کلپس تیزی سے وائرل ہو گئیں اور سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل خوبصورتی کے معیارات، آن لائن دباؤ اور پرفیکٹ نظر آنےکی دوڑ پر نئی بحث چھڑ گئی۔ ماہرین کے مطابق بیوٹی فلٹرز چہرے کی ساخت، جلد کی رنگت اور آنکھوں کے سائز تک کو فوری طور پر بدل دیتے ہیں، جس سے ایک غیر حقیقی معیار قائم ہو جاتا ہے۔ ایسے میں جب فلٹر ہٹتا ہے تو معمولی فرق بھی بڑا محسوس ہوتا ہے خاص طور پر لائیو نشریات میں جہاں ایڈیٹنگ کا موقع نہیں ہوتا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ واقعے کے بعد انفلوئنسر نے فوری طور پر نشریات جاری رکھی، تاہم فالوورز کی تعداد میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔