کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ صوبے میں امن وامان کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کی جنگ میں بلوچستان پولیس کے 11سو سے زائد افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے شہدا کے مشن کو جاری رکھا جائے گا ۔پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ، اے ٹی ایف میں ایک ہزار نئی بھرتیاں کرینگے،، دہشتگردی اور جرائم کے چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ اولین فرائض میں شامل ہے پولیس کو جدید دور کے تقاضوں اور سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کر کے پولیسنگ کے نظام میںمزید بہتر ی لارہے ہیں جبکہ اے ٹی ایف میں ایک ہزار نئی بھرتیاں کی جاری ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس ٹریننگ کالج میں 106ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی اشفاق احمد ، کمانڈنٹ پی ٹی سی شہزاد اکبر، ایس ایس پی ایڈمن دوستین دشتی ، ایس ایس پی ایس سی آئی ڈبلیو ڈاکٹر سمیع ملک ، اے آئی جی ویلفیئر فریال فرید سمیت دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ آئی جی نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی فورس (اے ٹی ایف) میں ایک ہزار نئی بھرتیاں جبکہ کوئٹہ پولیس کو بلٹ پروف گاڑیاں ، جدید ساز و سامان فراہم کیا جائے گا اور سی ٹی ڈی کی تربیت میں جدت لائی جائے گی تاکہ دہشت گردی اور سنگین جرائم کا موثر مقابلہ کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ خضدار لیویز ٹریننگ سینٹر کو پولیس ٹریننگ سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور پی ٹی سی میں اس وقت لیویز کے 600 اہلکار بھی زیر تربیت ہیں۔