• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان حفیظ الدین احمد بنگلہ دیش میں وزیر مقرر

اسلام آباد (محمد صالح ظافر) پاکستان فٹبال ٹیم کے سابق کپتان حفیظ الدین احمد بنگلہ دیش میں وزیر مقرر، بھولا سے چھٹی بار منتخب، پاک فوج سے ریٹائرڈ پی ایم اے کے 16ویں وار کورس سے تعلق، فیفا اعلیٰ اعزاز بھی حاصل کیا۔ پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان اور پاک فوج کے ریٹائرڈ میجر حفیظ الدین احمد بنگلہ دیش کی حکومت میں وزیر برائے امورِ آزادی جنگ مقرر ہوگئے ہیں۔ وہ بھولا کے حلقے سے چھٹی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ حکمران جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے مرکزی رہنما اور کالعدم عوامی لیگ کے سخت مخالف حفیظ الدین احمد تیسری بار وزیر بنے ہیں اور انہوں نے منگل کے روز وزیر اعظم طارق رحمان کے ہمراہ اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ وہ قیامِ بنگلہ دیش سے قبل بھولا منتقل ہوگئے تھے۔ میجر (ر) حفیظ الدین 1968 سے تین برس تک پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ کھیل کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں 2004 میں فیفا کی جانب سے فیفا آرڈر آف میرٹ، جو ادارے کا اعلیٰ ترین اعزاز ہے، سے نوازا گیا۔ ڈھاکہ یونیورسٹی میں وہ سابق وفاقی سیکریٹری سید انور محمود کے ہم کمرہ رہے، جبکہ پاک فوج میں ان کے بعض ساتھی افسران لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ دسمبر 2024 میں نجی دورے پر پاکستان آمد کے موقع پر انہوں نے اپنے سابق ساتھیوں سے ملاقات کی جہاں ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل خطیر حسین نے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔ پی ایم اے کے 16ویں وار کورس کے ریٹائرڈ افسران نے لاہور اور اسلام آباد میں ان کے اعزاز میں تقاریب کا اہتمام کیا۔ وہ اپنے کورس کے بٹالین سینئر انڈر آفیسر بھی رہے اور پاکستانی کورس میٹس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اہم خبریں سے مزید