اسلام آباد / راولپنڈی ( رپورٹ حنیف خالد) نیب اسلام آباد / راولپنڈی کا جعلی سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات پر بڑا کریک ڈاؤن،نیشنل پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نام پر 30,000 سے زائد افراد کو کروڑوں روپے کے ممکنہ فراڈ سے بچا لیا گیا، نیب ذرائع کے مطابق 19جنوری 2026 کو سوشل میڈیا اور اخبارات میں مختلف سرکاری اداروں میں ملازمتوں کے جعلی اشتہارات کے ذریعے شہریوں سے رقوم وصول کرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ان اشتہارات میں نیشنل پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نام کا استعمال کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔چیئرمین نیب جنرل (ر) نذیر بٹ نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب اسلام آباد/راولپنڈی وقار چوہان کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈی جی نیب کے حکم پر ڈائریکٹر نیب الیاس قمر کی سربراہی میں تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، جنہوں نے باضابطہ انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ ٹیموں کو متحرک کر دیا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم سیف اللہ نے مختلف اوقات میں مختلف ناموں سے ادارے رجسٹر کروا کر فراڈ کا نیٹ ورک قائم کیا۔