کراچی (اسٹاف رپورٹر )ڈیفنس میں واقع ریسٹورنٹ میں خواتین کے جھگڑے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق درخشاں تھانے کی حدود میں واقع نجی ریسٹورنٹ میں خواتین کے درمیان جھگڑے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو خواتین اور ایک مرد ٹیبل پر بیٹھے کھانا کھا رہے ہیں کہ اس دوران تین خواتین آتی ہیں اور وہاں بیٹھی خاتون سے جھگڑا شروع کر دیتی ہیں۔ویڈیو میں خواتین کو ہاتھا پائی کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس کے مطابق خاتون عائشہ کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سب انسپکٹر جہانزیب کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا۔انکوائری افسر نے موقع کی سی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جس میں کسی قسم کے قابل دست اندازی جرم کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں بلکہ واقعہ باہمی جھگڑے کا معاملہ معلوم ہوتا ہے۔انکوائری افسر نے ملزم پارٹی اور متاثرہ خاتون کو تھانے طلب کیا ہے تاکہ دستیاب شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کو مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ میرٹ پر نمٹایا جائے گا اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔دوسری جانب متاثرہ خاتون عائشہ کے دعویٰ ہے کہ جب انہوں نے حملہ کرنے والی خواتین کے والد کو انھیں سمجھانے کے لیے فون کیا تو ان کے والد کی جانب سے بھی انھیں دھمکیاں دی گئیں۔اے ایس پی ندا جنید نے بتایا کہ دوسری پارٹی کو بھی تھانے بلایا گیا ہے،امید ہے کہ معاملہ حل ہو جائے گا،ان کا کہنا تھا کہ اگر متاثرہ خاتون مقدمہ درج کروانا چاہتی ہیں تو مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔