کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر و وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے’’ سینیٹر تاج حیدر پل‘‘ کے دوسرے حصے پر تعمیراتی کام جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کردی۔ سینئر وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لئے مزید نئی بسیں جلد متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔وہ ہفتے کویہاں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں ریڈ لائن، بی آر ٹی سمیت جاری منصوبوں، عوامی سہولت اور کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی بہتری سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ریڈ لائن پر کام کی رفتار مجموعی طور پر تسلی بخش ہے، تاہم اسے مزید تیز کیا جائے، تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت یقینی بنائیں، کوریڈور کی بروقت تکمیل حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو درپیش سفری مشکلات، ٹریفک جام اور روزمرہ کی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران متبادل ٹریفک پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے، ترقیاتی منصوبوں سے متعلق مؤثر آگہی مہم مزید فعال بنائی جائے، تاکہ شہریوں کو بروقت معلومات فراہم ہوں اور کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، نئی بسوں کے آغاز کا عمل تیز کیا جائے، ایسے روٹس کا انتخاب کیا جائے جہاں عوام کو سب سے زیادہ سفری مشکلات درپیش ہیں، بس سروس میں توسیع سے شہریوں کو محفوظ، سستی اور باوقار سفری سہولت میسر آئے گی، سندھ حکومت کراچی کے عوام کو جدید اور مؤثر پبلک ٹرانسپورٹ نظام فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، بی آر ٹی منصوبوں کے ساتھ نئی بسوں کا آغاز شہری زندگی میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پراجیکٹ ڈائریکٹر( پی ڈی یلو لائن) کمال دایو، چیف ایگزیکٹو آفیسر( سی ای او) ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو کے ساتھ ساتھ متعلقہ انجینئرز اور کنسلٹنٹس نے شرکت کی۔