کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) گلی محلوں سے موٹرسائیکل اٹھانا پر شہری نے ٹریفک پولیس اہلکار کی ویڈیو بنا لی ۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس نے مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں سے بھی شہریوں کی موٹرسائیکلیں اٹھانا شروع کر دی ہیں۔ڈسٹرکٹ سٹی کے علاقے گزدرآباد میں گھروں اور دکانوں کے باہر کھڑی موٹرسائیکلیں ٹریفک پولیس کے ٹرک میں لوڈ کر کے لے جائی جا رہی تھیں کہ ایک شہری نے موبائل فون سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی ۔شہری نے موٹرسائیکل اٹھانے والے ٹرک کے لوڈر اور اس میں سوار پولیس وردی میں ملبوس شخص سے سوال کیا کہ انھیں گلی محلوں سے موٹر اٹھانے کی اجازت کس نے دی ہے؟ شہری کے سوال کرنے پر ٹریفک پولیس اہلکار نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی اور فوری طور پر وہاں سے چلتا بنا۔ ٹریفک پولیس اہلکار ٹرک میں 5 سے 6 موٹرسائیکلیں بھی اُٹھا کر لے گیے۔شہری کا کہنا تھا کہ ای چالان سسٹم کے باوجود ٹریفک اہلکار قوانین کی دھجیاں اڑا رہے ہیں لیکن کوئی ایکشن لینے کو تیار نہیں ۔