جدہ (شاہد نعیم) سعودی عرب کے 299 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ریاض میونسپلٹی نے دارالحکومت کی مرکزی سڑکوں، اہم شاہراہوں اور عوامی چوراہوں کو آرائشی روشنیوں سے سجا دیا۔ مختلف مقامات پر ہزاروں آرائشی روشنیاں نصب کی گئی ہیں،ریاض میں جشن کا سماں ہے،جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم نے سعودی عرب کے 299 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا جس کا موضوع یومِ تاسیسِ سعودی عرب اور ویژن 2030: تاریخ، شناخت اور روشن مستقبل تھا، فورم کے اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے سعودی قیادت خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمدسلمان بن عبدالعزیز کو خراج تحسین پیش کیا ۔فورم کے چیئرمین امیر محمد خان، صدر معروف حسین، جنرل سیکرٹری جمیل راٹھو اور خالد چیمہ نے یوم تاسیس کی تاریخ کے حوالے سے کہا کہ یہ دن ہر سال 22فروری کو منایا جاتا ہے جو 1727ء میں ’’درعیہ‘‘ میں پہلی سعودی ریاست کے قیام کی یادگار ہے۔اجلاس میں شاہد نعیم، خالد چیمہ، ذکیر بھٹی، امانت اللہ، اسد اکرم، مریم شاہد، عالیہ خان، جاوید راہو، عامل عثمانی اور فوزیہ خان نے شرکت کی۔آخر میں شرکاء نے سعودی عرب کی ترقی اور پاک سعودی کی مضبوطی کی دعا کی۔