اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے حج 2026کو پاکستانی عازمین کیلئے سہل ترین حج بنانے کیلئے انڈونیشیا ، ترکیہ اور ملائیشیا کی بین الاقوامی بہترین روایات کی طرز پر ’’خدام الحجاج‘‘ کی 10روزہ جدید تربیت کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ۔پہلی مرتبہ پاکستانی خدام کو محض روایتی بریفنگ کے بجائے سروے آف پاکستان کے تیار کردہ ڈیجیٹل میپس، ریسکیو 1122 کی لائف سیونگ مہارتوں اور اسلام آباد پولیس کے کراؤڈ مینجمنٹ ماڈیولز کے ذریعے لیس کیا گیا ، اس کا مقصد عازمینِ حج کو مکہ، مدینہ اور مشاہیر (منیٰ، مزدلفہ، عرفات) میں کسی بھی مشکل کے وقت فوری اور پیشہ ورانہ مدد فراہم کرنا ہے، اسلام آباد پولیس کے تعاون سے روڈ مینجمنٹ ، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ذریعے بنیادی عربی زبان کی مشقیں بھی کروائی گئیں، تاکہ وہاں زبان کا مسئلہ حائل نہ ہو، حج آپریشن شروع ہونے سے قبل خدام الحجاج کی سپیشلائزڈ ٹریننگ ہوگی۔کوآرڈینیٹر مکہ و خدام الحجاج ذوالفقار خان نے بتایا کہ اس دفعہ ہم نے عالمی معیار کا مطالعہ کر کے ٹریننگ ماڈیولز ترتیب دئیے ہیں،ہم نے سروے آف پاکستان کے ماہرین کو مدعو کر کے اپنے خدام کو ڈیجیٹل میپ ریڈنگ سکھائی تاکہ وہ اسمارٹ فونز اور پاور پوائنٹ میپس کے ذریعے حاجیوں کی درست رہنمائی کر سکیں، 10 دن کی اس تربیت میں پہلی بار ریسکیو 1122 کے ذریعے سی پی آر اور ایمرجنسی طبی امداد کی ‘موک ایکسرسائزز’ کروائی گئی ہیں۔ہم نے اس دفعہ ٹریننگ کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے، ایک مشترکہ تربیت جو کہ مکمل ہوچکی ہے دوسری ‘فنکشنل لیول کی ‘ سپیشلائزڈ ٹریننگ، ہے جو حج آپریشن سے قبل مکمل کر لی جائے گی ۔