اسلام آباد (ایجنسیاں)چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرعلی خان نے علیمہ خانم کے پارٹی چیئرمین شپ مانگنے یا خود چیئرپرسن بننے کی خواہش کے شیر افضل مروت کے دعوے کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کی گفتگو سے مایوسی ہوئی‘ علیمہ خانم نے مجھے کبھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا پیغام نہیں بھیجا‘واضح کردوں کہ علیمہ خانم نے کبھی ایسا تاثر یا پیغام نہیں دیا ہے کہ وہ پارٹی چیئرپرسن بننے کی خواہش مند ہیں۔ٹی وی رپورٹ کے مطابق بیرسٹر گوہر علی خان کاکہناتھاکہ شیر افضل مروت سے وعدہ لیا تھا کہ وہ متنازعہ گفتگو نہیں کریں گے‘ کبھی کبھار جواب نہیں بھی دینا ہوتا‘ علیمہ خانم نے چیئرمین شپ کے معاملے میں کبھی مداخلت بھی نہیں کی‘ میں سب سے اپنی درخواست دہراتا ہوں کہ مزید متنازعہ گفتگو سے اجتناب کیا جائے۔