کراچی(افضل ندیم ڈوگر)سعودی دارالحکومت ریاض سے اسلام آباد کی نجی ایئر لائن کی پرواز 9P781کے مسافر کا بلڈ پریشر ہائی ہونے پر پرواز نے کراچی میں میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کی۔ 34 سالہ مسافر کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی میڈیکل ٹیم نے طبی امداد دی اور اسے اسپتال منتقل کر دیا۔ سوا گھنٹے بعد طیارہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گیا۔ پرواز ریاض سے اسلام آباد جا رہی تھی کہ ایران کی فضائی حدود میں 34 سالہ مسافر کی طبیعت خراب ہوئی۔ حالت تشویشناک ہونے پر پائلٹ نے اے ٹی سی کراچی سے رابطہ کر کے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ پرواز صبح 4:26 بجے کراچی لینڈ کرگئی۔