کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری،کورنگی میں آئل اور واٹرٹینکرز نے 2ننھے پھول مسل دیئے۔ اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی ساڑھے 3سالہ سائرہ کو چچا کیساتھ موٹر سائیکل پر جوس خریدنے جاتے ہوئےآئل ٹینکر نے ٹکر ماری۔کورنگی سوکوارٹر پاسبان چوک کے قریب گھر کے باہر کھیلتےہوئے4سالہ وسیم واٹر ٹینکرکی ٹکر سےجاں بحق ہوگیا جبکہ ڈرائیور فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن تھانے کی حدودکورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نےموٹرسائیکل کوٹکرماردی جس کے باعث موٹرسائیکل سوارایک کمسن بچی جاں بحق اورایک کمسن بچے سمیت 2افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا حادثے میں جاں بحق بچی کی شناخت ساڑھے 3 سالہ سائرہ دختر شاہد خان کے نام سے کی گئی زخمیوں میں 1سالہ سبحان اور 18 سالہ راج محمد شامل ہیں ، متوفیہ بچی کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی تھی حادثے میں جاں بحق بچی کا والد کراچی میں محنت مزدوری کرتا ہے آبائی تعلق گلگت بلتستان سے ہے متوفیہ کمسن بچی اپنے چچا راج محمد اورایک سالہ بھائی سبحان کے ساتھ جوس خریدنے جارہی تھی کورنگی کراسنگ کے قریب تیزرفتارآئل ٹینکرنے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں سائرہ موقع پر جاں بحق،بھائی،چچا زخمی ہوگئے حادثے کے بعد آئل ٹینکرکا ڈرائیور موقع پر سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ شہریوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر زمان ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا جبکہ پولیس نے ٹینکر تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا گیا جہاں گرفتار ڈرائیور کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔