کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منصوبوں کی رفتار تیز ، مالی وسائل کا استعمال بہتر بنانے اورترجیحی ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت، کریم آباد اور منور چورنگی انڈر پاسز منصوبے ایک ماہ میں مکمل کر کے عوام کیلئے کھول دیئے جائیں،تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے ترقیاتی پورٹ فولیو برائے مالی سال 26-2025، مالیت 86.94 ارب روپے، کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی اور تمام عملدرآمد کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے، مالی وسائل کے استعمال کو بہتر بنایا جائے اور ترجیحی اسکیموں کو بروقت مکمل کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی صوبے کی معاشی شہ رگ ہے، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ جاری شدہ فنڈز کے استعمال کو بہتر بنایا جائے اور رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔کچھ نئی منظور شدہ اسکیموں میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام ضابطہ جاتی تقاضے فوری مکمل کئے جائیں۔ منظوری اور فنڈز دستیاب ہیں، اب توجہ عملی نتائج پر ہونی چاہئے۔وزیراعلیٰ نے دریائے ملیر پر مرغی خانہ پل اور قیوم آباد کے قریب شاہراہ بھٹوکورنگی کازوے جنکشن سمیت میگا منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ نظرثانی شدہ مدت کے اندر ان کی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کے ڈی اے کے منصوبوں، بشمول کریم آباد اور منور چورنگی انڈر پاسز، کا جائزہ لیتے ہوئے معیار برقرار رکھنے اور ٹریفک میں کم سے کم خلل کی ہدایت کی۔ انہوں نے میئر کراچی کو ہدایت دی کہ یہ منصوبے ایک ماہ میں مکمل کر کے عوام کے لئے کھولے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے وزیر بلدیات ناصر شاہ کو ہدایت دی کہ تمام منصوبوں پر فوری کام شروع کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے 24 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز میں سڑکوں کی بحالی کے لئے 13 ارب روپے گرانٹ اِن ایڈ اور کراچی کی 26 بڑی سڑکوں کی بحالی کے لئے 8.53 ارب روپے کی منظوری کا جائزہ لیا۔