کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سانحہ گل پلازہ سے متعلق قائم ٹریبونل کو جانب دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انصاف کی بجائے طاقت ور مفادات کی اوطاق بنا ہوا ہے، ایسے اقدامات عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہیں، جابرانہ نظام کے تحت برسوں ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا، مگر تاریخ گواہ ہے کہ مصنوعی طریقوں سے ایم کیو ایم کا متبادل کبھی نہیں بنایا جا سکا۔وہ پیر کو یہاں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں ذمّے داروں کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر محمد فاروق ستار، انیس قائم خانی، سید امین الحق اور فرقان اطیب سمیت حق پرست سینیٹرز، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور مرکزی شعبہ جات کے ذمّے داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چیئرمین متحدہ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ رمضان کے ابتدائی دن خدمت اور باعزت امداد کا عملی امتحان ہیں، ایم کیو ایم سیاست نہیں! خدمت سے پہچانی جاتی ہے، یہی ہماری سیاست کی اساس اور قوت ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مستحق ساتھیوں تک امداد وقار، شفافیت اور رفتار کے ساتھ پہنچائی جائے۔