اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شہری کیس میں سیکرٹریز دفاع اور داخلہ کو آئندہ سماعت پر عدالت طلب کر لیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے کہ اگر عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہوا تو دونوں سیکرٹریز کو شوکاز نوٹس جاری کروں گا، کیوں نہ وزیر اعظم کو طلب کروں کہ انہوں نے فیلڈ آفیسرز کے خلاف کارروائی نہیں کی، ہم توقع کرتے ہیں کہ قانون پر عمل کریں گے، گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار لاپتہ شہری کی اہلیہ زینب زعیم کےوکلاء ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، وزارت دفاع کے حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے ان کیمرہ بریفنگ دینی ہے یا نہیں؟ فیلڈ آفیسر ملٹری انٹیلی جنس کا بریفنگ دے سکتا ہے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ان کا نمائندہ آ کر آپ کو بریفنگ دے سکتا ہے، فیلڈ آفیسر آتے نہیں ہیں نہ ہی ہمیں ان کے حوالے سے معلوم ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ 2013 میں یہ پہلی دفعہ لاپتہ ہوا تھا ابھی 2026 ہے، ایک آدمی کی ان کیمرہ بریفنگ سمجھنا چاہ رہا ہوں، یہ عدالت قانون کے مطابق چلنا چاہ رہی ہے۔