کراچی (بابر علی اعوان) سندھ میں رواں سال ریبیز سے تیسری ہلاکت رپورٹ ہوگئی۔ لیاری کا 75 سالہ رہائشی نعمت گل کتے کے کاٹنے سے متاثر ہوا جسے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں داخل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کی مارننگ شفٹ کے انچارج ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق بزرگ شہری کو تقریباً تین ماہ قبل آوارہ کتے نے کاٹا تھا، تاہم انہیں بروقت مکمل حفاظتی علاج میسر نہ آ سکا۔ مریض کو تشویشناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال گلشنِ معمار کے 42 سالہ رہائشی کرامت بھی کتے کے کاٹنے کے بعد ریبیز کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے تھے جبکہ ضلع سانگھڑ کے علاقے جھول سے تعلق رکھنے والی 8 سالہ بچی بھی انڈس اسپتال کراچی میں ریبیز کے باعث دم توڑ گئی تھی۔ یوں سال کے دوسرے ماہ تک ہی تین قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کراچی کے دو بڑے اسپتالوں، جناح اور انڈس، میں ریبیز سے 18 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ صوبے بھر میں کتے کے کاٹے کے 2 لاکھ 84 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے۔