پشاور(کرائم رپورٹر)سٹریٹ کرائمزاور سنیچنگ کی تقریبا 99فیصد وارداتوں میں غیررجسٹرڈ اور بغیر نمبرپلیٹس موٹرسائیکلیں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس بات کا انکشاف گزشتہ روز ایس پی فقیرآبادڈویژن ریشم جہانگیر نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو میں کیا ۔انہوں نے بتایاکہ سٹریٹ کرائمز سمیت مختلف نوعیت کے جرائم میں استعمال ہونے والی 99فیصد موٹرسائیکلیں غیررجسٹرڈ اور بغیر نمبرپلیٹ کی ہوتی ہیں جس کے باعث پولیس کیلئے ایسے ملزموں کو ٹریس کرنا اورانہیں پکڑنا بھی مشکل ہوتا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ فقیرآباد ڈویژن میں غیررجسٹرڈ اور بغیر نمبرپلیٹس کی موٹرسائیکلوں کےخلاف کریک ڈائون جاری اور اس کی وجہ سے کئی وارداتوں میں ملوث سرگرم گینگز کو بے نقاب کیا گیا ہے ۔