کراچی( اسٹاف رپورٹر) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے پاکستان کو 2027 تک ربا فری بنانے کے اقدامات کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے آل شیئر انڈیکس کی شرعی اسکریننگ میں نظرثانی کر دی،کمپنیوں کے غیر شرعی قرضوں کی حد 37 فیصد سے کم کر کے 33 فیصد، غیر شرعی سرمایہ کاری کی حد 33 فیصد سے کم کر کے 30 فیصد کردی ، یہ فیصلہ پاکستان کے مالیاتی نظام کو سود سے پاک (ربا فری)فریم ورک کی جانب منتقل کرنے کے لیے جاری اصلاحات کا تسلسل ہے۔، تفصیلات کے مطابق ایس ای سی پی نے پی ایس ایکس کے ایم آئی آل شیئر انڈیکس کی شرعی اسکریننگ کا نظرثانی شدہ معیار اور طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔ انڈیکس کی اسکرینگ میں ترامیم شریعہ کمپلائنٹ انڈیکس کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنا اور شریعہ کمپلائنٹ حصص پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ میں فنانشل سیکٹر اسٹریٹیجی سے متعلق کمیٹی کے ایک اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس کی صدارت سیکریٹری خزانہ نے کی۔ اجلاس میں وفاقی شرعی عدالت کے دسمبر 2027 تک پاکستان کو ربا فری بنانے کے اقدامات پر عملدرآمد تیز کرنے اور آئندہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔