• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے 192 طلباء میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ تقسیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت جاری وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریبِ تقسیم کا انعقاد یونیورسٹی آڈیٹوریم میں کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 192 انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکورٹی کے زیر اہتمام تقریب کے مہمانخصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کو نوجوانوں کیلئے ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان، سندھ حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نوجوانوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرکے نوجوانوں کیلئے بڑی آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے خصوصی طور پر طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبے میں لڑکیوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہ سکتیں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن قائم رکھیں، اپنی شناخت مضبوط بنائیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور آخر میں وائس چانسلر نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
ملک بھر سے سے مزید