اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) بیورو کر یسی کیلئے اہم خبر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19 میں ترقی کیلئے لازمی قرار مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC)کیلئے گریڈ 18 کے 131 افسران کی نامزدگیوں کی منظوری دے دی ۔ تربیتی کورس 30 مارچ سے 5 جون 2026 تک نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ مراکز میں بیک وقت منعقد ہو گا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریکٹر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور کو ارسال مراسلے کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 25 افسران کو کورس کیلئے نامزد کیا گیا ، نامزد افسران میں سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی نوید احمد، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پی ایس او کیپٹن (ر) محمد زبیر خان، ڈپٹی سیکریٹری محکمہ آبپاشی پنجاب جویریہ مقبول، ڈپٹی کمشنر پشاور ثناء اللہ خان، ڈپٹی سیکریٹری لیبر ڈیپارٹمنٹ پنجاب انعم زید، ایڈیشنل سیکریٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا طلعت فہد، ڈپٹی سیکریٹری (کیبنٹ) ایس اینڈ جی اے ڈی پنجاب محمد محسن صلاح الدین اور ڈپٹی سیکریٹری وزیراعظم آفس محمد انس اقبال شامل ہیں۔