کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈربن میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقا کے خلاف تیسرا ون ڈے انٹر نیشنل 119رنز سے جیت لیا ۔ لیکن سیریز جنوبی افریقا نے دو ایک سے اپنے نام کی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جنوبی افریقا نے دو ایک سے جیتی تھی۔ اتوار کو پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹ پر 306 رنز بنائے۔ پلیئر آف دی میچ صدف شمس نے82 گیندوں پر97 رنز کی اننگز کھیلی ۔ کپتان فاطمہ نے41گیندوں پر60 رنز بنائے۔ فاطمہ ثناء نے اننگز میں پانچ چھکے مارے اور شرمین خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔ سدرا امین نے 41 اور نجیہہ علوی نے36 رنز اسکور کئے۔ جواب میں میزبان ٹیم 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ سعدیہ اقبال نے تین، فاطمہ ثناء، نشرا سندھو اور ام ہانی نے دو ،دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سیریز میں 150 رنز بنانے اور چھ وکٹ لینے والی سونے لوس کو پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔