کراچی(سید محمد عسکری) وفاق کی سب سے بڑی جامعہ قائد اعظم یونیورسٹی گزشتہ 25روز سے وائس چانسلر سے محروم ہے ڈاکٹر نیاز اختر کی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے طور پر تقرری کو 25روز گزر چکے ہیں، تاہم تاحال قائم مقام وائس چانسلر کی تقرری عمل میں نہیں لائی گئی اور نہ ہی آسامی کے لیے اشتہار دیا گیا صدر اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (اے ایس اے) نے اس تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ اس عہدے کیلئے جامعہ کے کسی سینئر پروفیسر کو تعینات کیا جائے، کیونکہ وہ جامعہ کی داخلی حرکیات اور ادارہ جاتی و ثقافتی ماحول سے بہتر طور پر آگاہ ہوتے ہیں۔ کسی بیرونی فرد کو یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی چیلنجز کی نوعیت اور پیچیدگیوں کو سمجھنے کے لیے وقت درکار ہوگا، جبکہ بدقسمتی سے قائداعظم یونیورسٹی مزید انتظامی تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی کیونکہ متعدد اہم امور زیر التوا ہیں۔جامعہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے سلسلے میں اے ایس اے کی کاوشوں کے تسلسل میں، صدر اے ایس اے، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر امان اللہ اور نائب صدر ڈاکٹر ملک بادشاہ نے ایچ ای سی ہیڈکوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور ڈاکٹر نیاز اختر کو بطور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس اہم ملاقات میں ڈاکٹر عامر نے چیئرمین ایچ ای سی کو قائداعظم یونیورسٹی کی موجودہ صورتحال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اے ایس اے نے آئندہ بجٹ میں قائداعظم یونیورسٹی کے لیے مالی معاونت فراہم کرنے کی درخواست بھی کی، اور اس امر پر زور دیا کہ ایچ ای سی بی پی ایس ترقیوں، مراعات (انسینٹو) اور ٹی ٹی ایس تنخواہوں میں اضافے کے معاملے میں بھی جامعہ کی بھرپور معاونت کرے۔