اقوام متحدہ (تجزیہ/عظیم ایم میاں) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایران پر اسرائیل اورامریکاکی مشترکہ جنگ کاتاحال کوئی حل تلاش نہیں کرسکی۔ امریکی صدر ٹرمپ کے اعلانیہ بیان کہ ایران میں حکومتی شخصیات کو تبدیل کرکے عوامی ’’ٹیک اوور‘‘ کی حمایت کا پلان بھی ناکام رہا۔خامنہ ای کے بعد بھی ایران کے حکومتی نظام کا تسلسل قائم‘ مزاحمت اور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ جنگ اپنے آغاز کے تیسرے روز ہی ایک ایسی جنگ کا رخ اختیار کرچکی ہے جس کے معاشی، سیاسی اور معاشرتی اثرات عالمی سطح پر جلد ہی نمودار ہوں گے جبکہ مشرق وسطی میں اس کے جغرافیائی اثرات بھی سامنے آئیں گے۔ دنیا کے سب سے خوشحال ممالک اور تیل کی دولت سے مالا مال ممالک کے خطے میں یہ جنگ انتہائی سوچے سمجھے منصوبے، تیاریوں اور طویل المیعاد عالمی نتائج کے حصول کے لئے شروع کی گئی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کے بعد بھی ایران مسلسل جنگ اور جوابی حملوں میں مصروف ہے اور اب اس کے حملے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں سے آگے بڑھ کر ہمسایہ مسلم عرب ممالک کی تیل کی تنصیبات پر بھی سعودی عرب، قطر اور دیگر ہمسایہ ممالک کی تنصیبات پر میزائل حملے کرر ہا ہے۔