کراچی( ثاقب صغیر )سعودی عرب میں بھیگ مانگنے والے 4 مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔دوران تفتیش مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ عمرہ ویزا پر سعودی عرب گئے اور قیام کے دوران بھیک مانگنے کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث رہے۔ایف آئی اے کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سعودی عرب سے آنے والے چار مسافر بھیک مانگنے میں ملوث پائے گئے۔چار مسافر رشید احمد (ملتان)، عنایتی (ملتان)، انایتی (ملتان) اور حضور مائی (لاہور) جدہ سعودی عرب سے پاکستان پہنچے۔مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے بعد انسپکٹر غزالہ نورین نے مشکوک بنیادوں پر روک کر تفصیلی پوچھ گچھ کی۔مسافروں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ متعدد بار سعودی عرب بھیک مانگنے کی غرض سے سفر کر چکے ہیں۔تلاشی کے دوران ملزمان سےمختلف ممالک کی کرنسی برآمد ہوئی جبکہ ایک مسافر کے سامان سے نجّو مائی (ساکن ملتان) کا پاسپورٹ بھی برآمد ہوا۔برآمد شدہ کرنسی میں 14020 سعودی ریال ، 54 ہزار 260 پاکستانی روپے، 50 یو اے ای درہم اور 65 یورو شامل ہیں۔مذکورہ حقائق کی روشنی میں چاروں مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔