کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے صدر ایمپریس مارکیٹ میر کرم علی روڈ عوام کے لئے بند کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ کے سامنے میر کرم علی ٹالپر روڈ عوام کے لئے بند کر دیا گیا اب اس روڈ پر ٹھیلے پتھارے بنانے جا رہے ہیں، سڑک کی بندش سے مقامی رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، ٹاؤن میونسپل نے ایک نجی کمپنی کو ایک سال کے لئے سڑک ٹھیکے پر دے دی جو کہ قانون اور عوامی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ یہ تو منظوری کے بعد ہی ٹریفک کیلئے سڑک بند کی ہوگی۔ اب اس سڑک پر کیا ہو رہا ہے، وکیل نے بتایا کہ اس سڑک پر کیبن وغیرہ بنائے جا رہے ہیں، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل و دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔ درخواست میں چیف سیکریٹری، کے ایم سی، ٹی ایم سی و دیگر فریق ہیں۔