کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیئرمین میٹرک بورڈ نے صوبائی وزیر کے نوٹس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بد انتظامی پر دو امتحانی مراکز بلیک لسٹ کرکے سینٹر تبدیل کردیئے، تفصیلات کے مطابق گریس اکیڈمی لرننگ سیکنڈری اسکول لانڈھی قائد آباد میں جہاں پر سینٹر سپرنٹنڈنٹ کی جگہ اسپورٹس ٹیچر حنیف ملک فرائض انجام دے رہا تھا اور طلباء و طالبات سے نقل کی مد میں پیسے بھی لئے جا رہے تھے جبکہ نیشنل گرامر اسکول شادمان ٹاؤن ملیر کا سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور عملہ بھی طلباء وطالبات سے پیسے لے کر کھلے عام نقل کروا ر ہا تھا ، ڈپٹی سیکریٹری کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی بنائی اور اس کمیٹی نے امتحانی مراکز کا دورہ کر کے سفارش کی کہ گریس اکیڈمی لرننگ سیکنڈری اسکول قائد آباداور نیشنل گرامر اسکول شادمان ٹاؤن ملیر کو بلیک لسٹ کر دیا جائے، لہٰذا گریس اسکول کے حنیف ملک نامی شخص کیخلاف بورڈ کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج کروا دی ہے۔ ناظم امتحانات کے مطابق گریس اکیڈمی لرننگ سیکنڈری اسکول قائد آبادکا امتحانی مرکز تبدیل کر کے الائیڈ سیکنڈری اسکول قائد آباد، گلستان سوسائٹی کو نیا امتحانی مرکز بنا دیاگیا ہے جبکہ نیشنل گرامر اسکول شادمان ٹاؤن ملیر کا امتحانی مرکز تبدیل کر کے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول خلد آباد بنا دیا گیا ہے۔ ان دونوں امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو بھی معطل کر دیاگیا ہے۔