کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ضلع شرقی کے تحت گلستان جوہر میں ”پڑھو پڑھاؤ مہم“ کے سلسلے میں لگائے گئے کیمپ اور گلستان جوہر بلاک 1میں فاطمہ ثریا بجیا پارک کا افتتاح کردیا ،”پڑھو پڑھاؤ مہم“25اپریل تک جاری رہے گی جس سے گلستان جوہر بلاک 1تا بلاک 15کے افراد اپنے بچوں اور بچیوں کے لیے مفت کتابیں حاصل کرسکیں گے،اس موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا اصل دارومدار تعلیم پر ہے، اسی لیے ہم پڑھو پڑھاؤ مہم اور بنو قابل پروگرام کے ذریعے کراچی میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کرنے کے لیے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے جماعت اوّل سے میٹرک تک کے طلبہ کو مفت کتابیں فراہم کی جا رہی ہیں، اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور اس مہم کا حصہ بنیں، یہ نئی نسل کی تعمیر میں سرمایہ کاری ہے، انہوں نے فاطمہ ثریا بجیا پارک کے یوسی چیئرمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے محدود وسائل کے باوجود اس پارک کو نہ صرف بحال کیا بلکہ اسے خوبصورت بنا کر اہلِ علاقہ کے لیے ایک بہترین تفریحی مقام بنا دیا۔