کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے تحت کیپٹن گارڈن میں کوآپریٹیو سوسائٹیز پر قبضے، جینے دو کراچی جلسہ عام و دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت 18 سال سے سندھ اور کراچی کے اداروں و وسائل پر قابض ہے،کراچی کے شہریوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جارہا ہے اور اہل کراچی کے لیے جینا مشکل کردیا ہے، حکومتی سرپرستی میں گلزار ہجری اسکیم 33 میں بہت سی سوسائٹیز پر قبضہ مافیا کا راج ہے، مسلح گروہوں کے ذریعے زمینوں پر قبضہ کیے جارہے ہیں، جعلی فائلیں بنادی جاتی ہیں، اصل مالکان اذیت میں مبتلا ہیں، اجتماعی جدوجہد اور حق و سچ کے لیے آواز بلند کرکے ہی اپنا حق حاصل اور مسائل حل کیے جا سکتے ہیں،جلسے سے امیر ضلع شرقی نعیم اختر، پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر سید قطب احمدو دیگر نے بھی خطاب کیا، متاثرین سوسائٹیز کی بڑی تعدا د نے بھی شرکت کی،منعم ظفر نے مزید کہا کہ اس ماہ ِ مبارک میں ذاتی تذکیے کے ساتھ معاشرے میں ایسا نظام قائم کرنے کی جدو جہد کی جائے جس میں انسانوں کو انسانوں کی بندگی سے نکال کر اللہ کی بندگی کی طرف لایا جائے۔