کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ وحدت مسلمین گلستانِ جوہر میں عالم اسلام کے عظیم رہنما شہید رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور امریکی قونصلیٹ کے باہر شہید ہونے والے جوانوں کی مجلسِ سوئم و تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جلسے میں علماء، عمائدینِ شہر اور شہداء کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، معروف عالمِ دین علامہ امین شہیدی، علامہ مختار امامی اور علامہ صادق جعفری سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا، اس موقع پر امریکی قونصلیٹ سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ بھی موجود تھے جن سے اظہارِ یکجہتی کیا گیا،تعزیتی جلسہ سے مرکزی خطاب میں معروف عالم دین علامہ محمد امین شہیدی نے شہید رہبرِ معظم کی جدوجہد اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس صدی میں واحد امت مسلمہ کے عظیم رہنما تھے، آپ کی شہادت عالمِ اسلام کے لیے وحدت و اخوت کا پیغام ہے، شہید رہبرِ معظم نے باطل قوتوں کے سامنے سرِ تسلیم خم نہ کر کے استقامت، بصیرت اور حق گوئی کی روشن مثال قائم کی،امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر اتحاد و بیداری وقت کی اہم ضرورت ہے، اسلامی دنیا کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ادراک کرتے ہوئے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔