پشاور (ارشد عزیز ملک ) تحریک انصاف حکومت 15 رمضان گزرنے کے باوجود مستحق افراد میں رمضان سپورٹ پیکیج کی امدادی رقم تقسیم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے صوبے میں 10 لاکھ 34 ہزار افراد کو فی کس 12 ہزار 500 روپے دینے کا اعلان کیا تھالیکن محکمہ خزانہ کی جانب سے فنڈز کے اجراء کے باوجود ابھی تک مستحق افراد میں رقم تقسیم نہیں ہو سکی ، دوسری جانب اپوزیشن الزام لگا رہی ہے کہ سرکاری فنڈز تحریک انصاف کے ورکروں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔جس کے لئے فہرستیں منتخب اراکین اور تحریک انصاف کے عہدیدار مرتب کررہے ہیں سرکاری دستاویزات کے مطابق صوبائی کابینہ کے 11 فروری 2026 کے اجلاس میں “Ramzan Support for Low-Income Households, KP Perspective, 2026” کی منظوری دی تھی، جس کے تحت مجموعی طور پر تقریباً 12 ارب 83 کروڑ روپے جاری کرنے کا فیصلہ ہوا۔ محکمہ خزانہ نے 10 ارب روپے بطور گرانٹ اِن ایڈ جبکہ 2 ارب 83 کروڑ 19 لاکھ 74 ہزار روپے بطور سپلیمنٹری گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دی۔وزیر اعلیٰ کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے الزامات کو مستردکرتے ہوئے کہتے ہیں کہ فنڈز بروقت جاری کیے گئے اور ادائیگیوں میں تاخیر صرف انتظامی ڈیٹا انٹری کی سست روی کے باعث ہوئی۔