کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع کے ایم سی ایچ ایس سوسائٹی کراچی ایسٹ میں چھاپہ مار کارروائی کی گئی کارروائی کے دوران تین ملزمان اشفاق احمد، انس اشفاق اور شاریق کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان غیر قانونی حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث پائے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 56لاکھ 52 ہزار 920 روپے نقد رقم ،6موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی لین دین کا ریکارڈ (لیجر) بھی برآمد کیا گیا۔ ملزمان کے موبائل فونز سے غیر قانونی مالی لین دین کے اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے جرم کا اعتراف کیا۔ملزمان کو برآمد شدہ رقم اور شواہد سمیت تحویل میں لے کر ایف آئی اے سی بی سی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 35/2026 درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔