تہران(اے ایف پی) ایران نے اعلان کیا ہے کہ سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری اعزاز کے ساتھ نمازِ جنازہ اور تدفین کی تقریبات، جو بدھ کی شام تہران میں طے تھیں، غیر معمولی عوامی شرکت کی توقع کے پیشِ نظر ملتوی کر دی گئی ہیں، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تہران میں اسلامی ترقیاتی کوآرڈینیشن کونسل کے سربراہ اور تقریب کے منتظم محسن محمودی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ یہ فیصلہ عوامی اجتماع میں لاکھوں افراد کی متوقع شرکت،اتنے بڑے ہجوم کے لیے مناسب انفراسٹرکچر اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے اس حوالے سے رپورٹ جاری کی ہے۔ایرانی ٹیلی ویژن نے گزشتہ روز بتایا کہ شہید امام کی نماز جنازہ اور تدفین کی تقریب ملتوی کر دی گئی ہے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔