ریاض، تہران (اے ایف پی، جنگ نیوز)ایران نے سعودی عرب کی سرزمین تہران پر حملوں کیلئے استعمال نہ ہونے دینے پر سعودی حکومت کیساتھ اظہار تشکر کیا ہے ، ایرانی حکام نے ریاض میں امریکی سفارتخانے اور باکو کے ائیر پورٹ پر حملوں کی تردید کی ہے ،ایران کی سرحد سے منسلک آذربائیجان کےعلاقے نخ چیوان میں ائیر پورٹ اور اسکول پر ڈرو ن حملوں میں دو افراد زخمی ہوئے ہیں، آذربائیجان نے معاملے پر ایران کے سفیر کو طلب کرکے احتجاج کیا ہے ،آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ایران پر "دہشت گردی" کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے، تہران نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور آذربائیجان کے اتحادی اسرائیل پر اشتعال انگیزی پیدا کرنے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے آذری ہم منصب کو فون کرکے بتایا ہے کہ تہران نے آذربائیجان پر کوئی میزائل مارا اور نہ ہی کوئی حملہ کیا ہے۔