کراچی(مطلوب حسین )امجد فرید صابری کے قتل کے بعدشہر میں فن قوالی کے فروغ کے لئے حکومت سندھ کی جانب سے قوالی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا وعدہ 10سال بعد بھی پورا نہ ہوسکا،تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد فرید صابری کے قتل کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے شہر میں قوالی کے فروغ اور صوفیانہ موسیقی کی روایت کو محفوظ بنانے کے لیے قوالی انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم 10 سال گزرنے کے باوجود یہ منصوبہ تاحال عملی شکل اختیار نہیں کرسکا۔10سال قبل 16 رمضان المبارک کو(22 جون 2016 ) کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسلح افراد نے معروف قوال امجد فرید صابری کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔ اس واقعہ نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں قوالی کے شائقین کو غمزدہ کر دیا۔ امجد صابری برصغیر کی صوفیانہ موسیقی کی عظیم روایت کے امین تھے اور ان کا تعلق مشہور صابری قوال خاندان سے تھا۔اس سانحے کے بعد سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ کراچی میں ایک قوالی انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جائے گا جہاں نوجوانوں کو قوالی، صوفیانہ کلام اور کلاسیکی موسیقی کی تربیت دی جائے گی۔