اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں ہائی الرٹ سیکیورٹی کے باوجود سٹریٹ کرائم پر قابو نہیں پایا جا سکا، جڑواں شہروں میں سرقہ بالجبر ، راہ زنی ، نقب زنی اور چوری کی 63 وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاؤہ ایک کار 14 موٹر سائیکل 35 موبائل فونز اڑا لئے گئے ، 26 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور کل جمع پونجی لے کر چلتے بنے ، تھانہ کورال ، تھانہ کرپا اور تھانہ چونترہ کے علاقے میں تین موٹر سائیکل ، اور سات موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 12 موبائل فونز اور نقدی جھپٹا مار کر چھین لی گئی ، تھانہ کہوٹہ کے علاقے کھڈپوٹ میں 40 لاکھ کی نقدی اور زیورات چوری کر لئے گئے ،تھانہ دھمیال کے علاقے ڈھوک پڑ میں 3 لاکھ نقدی اور 8 لاکھ کے زیورات اڑا لئے گئے ، تھانہ صادق آباد کے علاقے میں 118000روپے گھریلو ملزم لے کر چلتا بنا ، تھانہ صدر بیرونی کے علاقے خیابان جناح سے بکری چوری کر لی گئی پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔