راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر راولپنڈی میں عوامی سہولت کے لیے میت منتقلی فری سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا اور آر آئی سی سے پہلی میت گھر منتقل کی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس منصوبے کے لیے فراہم کی گئی گاڑیاں ریسکیو 1122راولپنڈی کے حوالے کردی گئیں ، ابتدائی مرحلے میں یہ سروس پنجاب کے تین اضلاع میں شروع کی گئی ہے جن میں راولپنڈی بھی شامل ہے، اس سروس کے تحت سرکاری ہسپتالوں سے میت کو مرحوم کے گھر تک مفت منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے غمزدہ خاندانوں کو فوری اور باوقار سہولت میسر آئے گی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر صبغت اللہ نے میت منتقلی سروس کے لیے مختص گاڑیوں کی چابیاں منگل کو ڈرائیورز کے حوالے کیں۔ جبکہ فری میت منتقلی سروس کے ذریعے میت گھر منتقل کر دی گئی، ترجمان ریسکیو 1122کے مطابق فری سروس کے ذریعے پہلی میت راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال سے گھر منتقل کی گئی، 55سالہ عمران دل کے عارضے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج تھے، جو کہ منگل کو وفات پا گئے۔