اسلام آباد (اے پی پی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نےمتحدہ عرب امارت کے نائب وزیراعظم عبداللہ بن زید النہیان، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ملائشیا کے خارجہ سری محمد حاجی حسن سے رابطہ کرکے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا رہنمائوں نے تبدیلی صورتحال میں مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ عبداللہ بن زید النہیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ دونوں رہنمائوں نے بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات سمیت خطے میں حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کیا اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر خطے کی بدلتی صورتحال پر تشویش کا اظہار اور علاقائی پیش رفت پر مسلسل رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے موجودہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ بھی خیال کیا۔