اسلام آباد(آئی این پی)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس شاہدہ گل کی صدارت میں شروع ہوا جس میں وزارتِ اطلاعات 10 کروڑ 14 لاکھ روپے کے خفیہ اخراجات کا ریکارڈ پیش نہ کر سکی۔آڈٹ رپورٹ میں خفیہ فنڈز کے استعمال پر سنگین سوالات اٹھائے گئے جبکہ آڈٹ اعتراض میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود خفیہ اخراجات کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل کو فراہم نہیں کیا گیا اور وزارتِ اطلاعات کے خفیہ فنڈز کو آڈٹ سے باہر رکھنا غیر آئینی ہے۔ اجلاس کے دوران بلال مندوخیل نے کہا کہ کسی بھی چیز کا ریکارڈ موجود نہیں، یہ کیسے ممکن ہے۔ کمیٹی نے ریٹائرڈ سیکرٹری اطلاعات کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرنے کا فیصلہ کیا اور آڈیٹر جنرل کو تمام سرکاری ریکارڈ تک رسائی دینے کی آئینی ہدایت بھی یاد دہانی کروائی۔