اسلام آباد (صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کا اپنا منصوبہ ترک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی طرح، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی رواں سال رمضان کے آخری دس دنوں کے دوران سعودی عرب کا دورہ نہیں کریں گے۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے رمضان المبارک کے آخری ایام مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں گزارتے رہے ہیں۔ وزیر اعظم ہاؤس کے باوثوق ذرائع نے منگل کی شام جنگ کو بتایا کہ وزیر اعظم کا یہ فیصلہ ان کے اس ’’کفایت شعاری پلان‘‘ کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس کا اعلان انہوں نے پیر کی شام کیا تھا۔ ان کا دورہ سعودی عرب آنے والے ہفتوں کے ’’متوقع شیڈول‘‘ میں شامل تھا، لیکن اب اسے منسوخ کر دیا گیا ہے۔