• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خلیج میں غیر ملکی اور مغربی کمپنیوں کے دفاتر بند ہونا شروع، ورک فرام ہوم کی ہدایت

دبئی(جنگ نیوز) ایرانی بینک پر حملے کے بعد تہران کی خطے میں امریکا اور اسرائیل کے اقتصادی اور بینکاری مفادات کو نشانہ بنانے کی دھمکی‘ خلیجی ممالک میں غیرملکی کمپنیوں کے دفاتربند ہونا شروع‘ سٹی گروپ‘ ڈیلوئٹ‘ اسٹینڈرڈچارٹرڈ ‘ ایچ ایس بی سی ‘جے پی مورگن اور برطانوی کنسلٹنگ گروپ PwC نے عملے کو دفاتر خالی کرکے گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کردی۔ دبئی انٹرنیشنل فنانشل سینٹر (ڈی آئی ایف سی) اور دبئی کے اعود میتھا نے یہ اقدامات حفاظتی اقدامات کے طور پر اٹھائے ہیں اور یہاں کام کرنے والے ملازمین کو کہا ہے کہ تاحکم ثانی گھروں سے کام کریں۔ بینک کے ملازمین کے تحفظ کے تحت بزنس کمیونٹی یہ اقدامات کر رہی ہے۔ امریکی مالیاتی گروپ ’’سٹی‘‘اور دبئی کے فنانشل سینٹر میں واقع دیگر کمپنیوں نے بدھ کے روز اپنے ملازمین کو دفاتر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ برطانوی کنسلٹنگ گروپ PwC نے احتیاطی تدابیر کے طور پر بدھ کے روز خلیج کے کئی ممالک میں اپنے دفاتر ہفتے کے بقیہ دنوں کے لیے بند کر دیے ہیں۔ ذریعے کے مطابق سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور کویت میں کمپنی کے دفاتر بند رہیں گے۔ برطانوی کنسلٹنگ گروپ ڈیلوئٹ (Deloitte) نے بھی اپنے عملے کو دبئی انٹرنیشنل فنانس سینٹر میں واقع اپنے دفاتر خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایچ ایس بی سی نے قطر میں اپنی تمام برانچیں بند کر دیں ہیں۔ اسٹینڈرڈ چارٹر کے نرجمان نے نے خبر پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔ پی ڈبلیو سی نے سعودی عرب، قطر، امارات اور کویت میں ایک ہفتے کیلئے بطور حفاظتی انتظامات اپنے دفاتر بند کر دیئے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید