• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مئی تک جامع ٹیکس سادہ کاری حکمت عملی شائع کردینگے، آئی ایم ایف سے حکومت کا وعدہ

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مئی 2026 تک ایک جامع ٹیکس سادہ کاری حکمتِ عملی شائع کرنے کا عہد کیا ہے، جس کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا، شرحوں کے شیڈول کم کرنا، خصوصی ٹیکس نظاموں اور حد سے زیادہ ودہولڈنگ و ایڈوانس ٹیکسوں میں کمی لانا، ٹیکس چھوٹ کو معقول بنانا اور قواعد سازی کے اختیارات کو محدود کرنا ہے۔ اس حکمتِ عملی کے تحت عملدرآمد کی پیش رفت پر ایک سالانہ رپورٹ بھی جاری کی جائے گی۔وزارتِ خزانہ ٹیکس ڈھانچے سے متعلق قواعد کو معقول بنانے کے لیے معیار بھی جاری کرے گی، جس کے تحت کسی بھی وزارت، اتھارٹی یا سرکاری ادارے — بشمول اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور بورڈ آف انویسٹمنٹ (BOI) — کی جانب سے جاری ہونے والا کوئی بھی ایس آر او جو ٹیکس پالیسی، ٹیکس بنیاد، انتظامیہ یا نفاذ کو متاثر کر سکتا ہو، اسے جائزے کے لیے ٹیکس پالیسی آفس (TPO) اور منظوری کے لیے وزارتِ خزانہ کو پیش کرنا لازمی ہوگا۔قانون سازی میں ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ترامیم بھی کی گئی ہیں تاکہ ٹیکس پالیسی آفس کے دائرہ کار کو ایف بی آر کے انٹرنیشنل سینٹر آف ٹیکنیکل ایکسیلینس (ICTE) اور ٹیکس پالیسی بورڈ (TPB) سے واضح طور پر الگ کیا جا سکے۔ یہ دونوں ادارے ٹیکس پالیسی سے متعلق مشاورت فراہم کرتے ہیں اور ٹیکس معاہدوں کی پالیسی اور مذاکرات کی قیادت کرتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید