کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق سفیر برائے امریکا حسین حقانی نے کہا ہے کہ فضائی بمباری سے ایران میں رجیم چینج نہیں ہوگی ۔ سابق وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے کہا کہ اب جب پریشر پڑے گا تو اسٹیٹ بینک بھی شرح سود بڑھا دے گا۔ جبکہ جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ جنگ کی صورتحال میں پاکستان کی معیشت پر بھی اثر پڑیگا۔ تفصیلات کے مطابق جیو نیوز کے پروگرام’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ آج بھی اسرائیلی فورسز نے ایران پر بڑے پیمانے پر حملے کیے اور اس کے باوجود آج تہران، مشہد ، اصفہان ، قم اور تبریز سمیت ایران کے کئی چھوٹے بڑے شہروں میں عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے یوم القدس منایا۔ مرکزی جلوس کے قریب دھماکہ ہوا اس کے لائیو مناظر سامنے آئے اس کے باوجود مظاہرین نے اپنا احتجاج جاری رکھا اور اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور اس احتجاج میں ایران ی اعلیٰ قیادت بھی موجود تھی۔