کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں واٹر ٹینکر اور دیگر گاڑیوں کی ٹکر سے 4افراد جاں بحق اور 3زخمی ہو گئے،سوک سینٹر کے قریب موٹرسائیکل سوار کو کچل کر ہلاک کرنیوالے واٹر ٹینکر کو شہریوں نے آگ لگا دی، ڈرائیور فرار۔تفصیلات کے مطابق نیو ٹاؤن کے علاقے نیشنل اسٹیڈیم پل پر تیز رفتارگاڑی نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔تینوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفین کی شناخت 27سالہ زوہیب ولد ایوب عمر اور 22 سالہ رضا جبکہ زخمی ہونیوالے نوجوان کی شناخت27 سالہ کامل ولد کمال کے نام سے کی گئی ۔ حادثے میں جاں بحق اور زخمی نوجوان لانڈھی کے رہائشی تھے ۔زخمی نوجوان کامل نے بتایاکہ گھر سے نماز پڑھنے کے لیے فیضان مدینہ جا رہے تھے اور ہم لوگ6 افراد تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے ۔ایک موٹر سائیکل پر زوہیب ، رضا اور میں سوار تھے جیسے ہی ہم اسٹیڈیم پل پر کے اوپر چڑھے تو عقب سے آنے والے تیز رفتار گاڑی نے ہمیں ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئی۔ عزیز بھٹی تھانے کی حدود یونیورسٹی روڈ سوک سینٹر کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا ۔واقعہ کے بعد قریب موجود شہریوں نے واٹرٹینکر کو آگ لگا دی ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت 55 سالہ بشیر ولد عبدالحکیم کے نام سے کی گئی ۔متوفی پی آئی بی کالونی مکرانی مسجد کے قریب کا رہائشی اور لیاری گینگ وار پی ائی بی کالونی کے کمانڈر احمد علی مگسی کا ماموں بتایا جاتا ہے ۔ پولیس کے مطابق حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔پولیس نے ٹینکر کو قبضے میں لیکر ڈرائیور اور مالک کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ واقعہ کامقدمہ متوفی بشیر کے بیٹے عبدالسمیع کی مدعیت میں پی آئی بی کالونی میں غفلت ولاپرواہی کی دفعات کے تحت واٹر ٹینکر کےنامعلوم ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا۔