کراچی (اسٹاف رپورٹر)ندھ کے سینئر وزیر وصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے کراچی کے ٹرانسپورٹ نظام میں مزید الیکٹرک وہیکلز( ای وی) بسز شامل کرنے مزید ڈبل ڈیکر بسیں لانے، ای وی بسز کے نئے روٹس عید سے قبل شروع کرنے اور دیگر اضلاع میں یہ سروس عید کے بعد مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جب کہ ای وی ٹیکسی سروس کے آغاز سے متعلق بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔سندھ کے سینئر وزیر وصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت جمعہ کو یہاں محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی منیجنگ ڈائریکٹر( ایم ڈی) کنول نظام بھٹو اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر بنانے، نئے روٹس کے اجراء، ڈبل ڈیکر بسوں کے اضافے اور دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جب کہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے روڈ انفرااسٹرکچر سے متعلق درپیش مسائل سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب میں شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کراچی کی تمام سڑکوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ وزارت سے بھی بات کی جائے گی۔