• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور لبنان پر بمباری کا سلسلہ مسلسل اٹھارویں روز بھی جاری

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران اور لبنان پربمباری کا سلسلہ مسلسل اٹھارویں روز بھی جاری رہا، اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ انہوں نے بیروت کے تین علاقوں پر بموں کی بارش کی ہےجبکہ تہران سمیت ایران کے مختلف علاقوں پر بھی فضائی حملے کئے گئے ہیں ،لبنان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 912 افرادشہید اور 2,221 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں،لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے دو فوجی جاں بحق ہو گئے ہیں، لبنانی صدر نے لبنانی فوج کو نشانہ بنائے جانےپر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے حملوں سے لبنانی فوجیوں سےحزب اللہ سے مقابلہ کرنے کےمطالبات پر ضرب پڑے گی، ایران نے اسرائیل ، مشرق وسطیٰ اور اس سے باہربھی امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات پر جوابی میزائل حملے کئے ہیں،عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے اورائیر پورٹ کے قریب سفارتی مرکز پر متعدد ڈرون اور میزائل حملے بھی کئے گئے، پاسداران انقلاب کا کہناہے کہ انہوں نے اسرائیل پر میزائل حملوں 59ویں لہر میں بیت شمس،تل ابیب ، مقبوضہ علاقوں کو نشانہ بنایا ، پاسداران انقلاب کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں کویت کے علی السالم ایئر بیس، متحدہ عرب امارات کے فجیرہ اور عراق کے اربیل میں موجود امریکی افواج کو بھی نشانہ بنایا گیا،پاسدارانِ انقلابِ نے عہد کیا کہ ان کارروائیوں کے ذریعے متکبر کا قلع قمع کیا جائے گا، امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے پیدا ہونے والے تنازع کے بعد برٹش ایئرویز نے مشرق وسطیٰ کے کچھ روٹس جون تک منسوخ کر دیئےہیں،عمان، بحرین، دبئی اور تل ابیب کے لئےپروازیں 31 مئی تک عارضی طور پر منسوخ کی گئی ہیں جبکہ دوحہ کے لئے پروازوں کی معطلی 30 اپریل تک جاری رہے گی،اسکینڈینیوین ایئر لائن SAS کا کہنا ہے کہ وہ ایندھن کی قیمتوں میں "تیز اور اچانک اضافے" کا حوالہ دیتے ہوئے مختصر مدت کے لیے اپنی کچھ پروازیں منسوخ کر دے گی۔

اہم خبریں سے مزید